بنگلورو،3؍فروری(ایس او نیوز)سابق وزیر اعظم اور جنتادل (ایس) کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڈا نے وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے گذارش کی ہے کہ ریاست میں مانسون کی ناکامی کے سبب فصلوں کو جو نقصان ہوا ہے فوری طور پر اس کے متاثرین کی راحت کاری کیلئے امداد جاری کی جائے۔ آج دہلی کے پارلیمنٹ ہاؤزمیں دفتر وزیراعظم میں مودی سے ملاقات کے دوران دیوے گوڈا نے ریاست کو درپیش مسائل پر ان سے تبادلۂ خیال کیا۔اس موقع پر دیوے گوڈا نے ریاست میں ناریل کے کاشت کی تباہی کا معاملہ وزیراعظم کے علم میں لایا اور مطالبہ کیا کہ فی کوئنٹل ناریل کے عوض پندرہ ہزار روپیوں کی امداد اور ساتھ ہی مانسون کی ناکامی کے سبب کسانوں کو جو نقصانات ہوئے ہیں ان کی بھرپائی کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ سابق وزیراعظم کے ہمراہ ٹمکور کے کانگریس رکن پارلیمان مدو ہنومے گوڈا نے بھی وزیراعظم مودی سے ملاقات کی اور ٹمکور ضلع میں خشک سالی سے متاثر علاقوں میں راحت کاری کیلئے ریاست کو فوراً فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔